اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن روکے جائیں، ن لیگ نے درخواست دائر کر دی 

v
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی دارالحکومت میں31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن رکوانے کی درخوست دائر کردی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برائے چیئرمین شہزاد اورنگزیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یونین کونسلز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے، یونین کونسلز کی تعداد 101 سے بڑھا کر 125 کر دی گئی ہے، الیکشن کمیشن کو پرانی ووٹرز لسٹ کے مطابق الیکشن کرانے سے روکا جائے، الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن 101یونین کونسلز کی حد تک تھا، اب ان 101 یونین کونسلز کا وجود باقی نہیں رہا، وفاقی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم بھی تجویز کی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن سے پہلے یونین کونسلز بڑھانے پر حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یونین کونسلز کے معاملے پر ہائیکورٹ پہلے ایک فیصلہ دے چکی، ہائیکورٹ نے مزید یونین کونسلز بڑھانے سے روکا تھا، یونین کونسلز کی تعداد بڑھا کر توہین عدالت کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
بلدیاتی الیکشن

ای پیپر دی نیشن