راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) سابق آئی جی اور سابق وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے کہا ہے دشمن پاکستان کے عوام کو نیشنل سیکیورٹی فورسز کے سامنے کھڑا کرنا چاہتا ہے۔ باہر سے ہمیں کوئی کمزور نہیں کر سکتا ۔ ہم خود پاکستان کو کمزور کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انھوں نے ’’جناح اور نظریہ پاکستان ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صحافی ڈاکٹر سعدیہ کمال نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دئیے، ملک حبیب خان نے کہا کہ جناح کا ویژن کہیں نظر نہیں آتا۔ اتحاد ، ایمان اور تنظیم غائب ہو چکے ہیں۔ہمارا قومی کریکٹر ختم ہو چکا ۔آج برائی کو اچھائی اور اچھائی کو برائی سمجھا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریورس آرڈر شروع ہونے والا ہے ۔ جناح اقبال فکری فورم کے سربراہ رانا عبدالباقی نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ ساتھ نظریہ پاکستان کی بھی حفاظت کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کیلئے لازم ہے کہ وہ پاکستان کے قیام کی بنیاد بننے والے نظرئیے سے کماحقہ آگاہ ہو اور اس کو زندہ کرکے وطن کی تعمیر نو میں اپنا فعال کردار ادا کرے ،۔ اس موقع پر سفید پوش خاندانوں بالخصوص بیوہ خواتین میں گرم لحاف اور سلائی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔