لاہور اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد زیادہ ہے اور وزارتِ اعلیٰ ان کا حق ہے۔ اپنے بیان میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ میرے لیے حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو میں کوئی فرق نہیں، حمزہ شہباز میرے لیے بلاول بھٹو سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں (ن) لیگ کے ارکان کی تعداد زیادہ ہے لہٰذا پنجاب میں وزارت اعلیٰ ان کا حق ہے۔ زرداری نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے قابل سپوتوں نے مادر وطن کے دشمنوں کو اپنے انجام تک پہنچا دیا۔ بیان میں سابق صدر نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں سعید شہید، بابر شہید اور خورشید اکرم شہید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ سابق صدر نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن دشمنوں کی سرکوبی کے لئے سوات جیسے آپریشن کی ضرورت ہے۔
زرداری