لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے پاکستان کے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، سکواڈ میں مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام اور فاسٹ بائولر حسن علی کو شامل کیا ہے۔دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی (نیشنل سٹیڈیم) میں کھیلا جائے گا، کامران غلام کوٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سابق قومی کپتان اظہر علی کی جگہ شامل کیا گیا ہے جبکہ حسن علی نے محمد علی کی جگہ لی ہے جنہیں فہیم اشرف کی طرح کراچی میں جاری پاکستان کپ میں شرکت کا مشورہ دیا گیا ہے۔انجری کا شکارحارث رؤف کوسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، وہ راولپنڈی ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران لگنے والی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں تاہم کندھے کی تکلیف کی وجہ سے ملتان اور کراچی ٹیسٹ سے باہر ہونے والے فاسٹ بائولر نسیم شاہ کو فٹ قرار دے کر پاکستان سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، نعمان علی، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود پر مشتمل ہے۔ پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی 23دسمبر کو کراچی میں اکٹھے ہوں گے۔نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ سکواڈ دورہ پاکستان کیلئے سفر پر روانہ ہوگیا ہے ۔ ٹیم نے آکلینڈ سے کراچی کیلئے اڑان بھری۔ٹیسٹ سکواڈ براستہ دبئی پاکستان پہنچے گا، مہمان ٹیم آج صبح کراچی پہنچے گی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر کو کراچی میں شروع ہوگا۔دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس دورے کے دوران 3 ایک روزہ میچز 10 سے 14 جنوری کو کراچی میں کھیلے گی۔