لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ 80لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کر دیا ہے اور پنجاب کے تمام 52 سی ایس ڈی سٹور کے ساتھ ساتھ پنجاب کے تمام اضلاع میں تصدیق شدہ کریانہ سٹورز پر شروع ہو گیا ہے۔ ان سٹورز کو فعال کرنے کا مقصد پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی دینا ہے۔ پنجاب کے 80 لاکھ خاندان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ اس پروگرام کا مقصد اس بڑھتی ہوئی مہنگائی میں کم آمدنی والے افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ وہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاو¿س میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت اہل خاندانوں کو آٹا، گھی، تیل اور دالوں پر 2000 روپے کی سبسڈی ملے گی اور وہ ان تمام ضرویات کی اشیاءپر 40 فیصد تک رعایت حاصل کر سکیں گے۔ اس پروگرام کی کل لاگت 100 بلین روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 29 ستمبر، 2022ءکو کابینہ میں اس پروگرام کی منظوری دی تھی ۔ اب تک 5.6 ملین افراد سمیت 23500 دکانداروں نے پروگرام میں شمولیت کے لئے درخواستیں دی ہیں جو کہ تصدیق کے مراحل میں ہیں۔ یہ پروگرام پہلے وفاقی احساس پروگرام کے تحت قومی سطح پر کام کر رہا تھا۔
ثانیہ نشتر