روس ڈرونز کے بدلے ایران کو جدید فوجی مصنوعات دینے کا ارادہ رکھتا ہے:برطانیہ ‘یوکرائنی صدر امریکہ کے دورے پرچلے گئے

Dec 22, 2022


واشنگٹن لندن (اے پی پی+ این این آئی) عالمی بنک نے یوکرائن کے لئے 610 ملین ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن میں ریلیف اور بحالی کی کوششوں میں تیزی لائی جائے گی۔ بیان کے مطابق عالمی بنک انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ذریعے یوکرائن کو قرض کی فراہمی کے لئے بھی 500 ڈالر فراہم کرے گا۔ یہ قرضہ برطانیہ کی ضمانت پر فراہم کیا جائے گا اور اس سے یوکرائن میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ مالی مشکلات کا شکار خاندانوں کی مدد بھی کی جائے گی۔ عالمی بنک یوکرائن کو صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے منصوبے کے لئے بھی امداد فراہم کرے گا۔ دریں اثناءبرطانیہ نے دعوی کیا ہے کہ روس ڈرونز کے بدلے ایران کو جدید فوجی مصنوعات دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ وزیر دفاع بین ویلس نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کے بڑے فوجی حمایتیوں میں ایران بھی شامل ہوگیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے روس کو 300 سے زیادہ کامیکاز ڈرونز دیئے ہیں۔ ایران کو جدید فوجی آلات ملنے سے مشرق وسطی کی سلامتی کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جدید فوجی آلات ملنے سے بین الاقوامی سلامتی کو بھی نقصان پہنچے گا۔ دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اور مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ روس یوکرائن میں ایرانی ساختہ ڈرونز استعمال کر رہا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق روس اور ایرانی افسر الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن انتظامیہ بہت جلد یوکرائن کیلئے 1.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد کے پیکیج کا اعلان کرے گا جس میں پیٹریاٹ میزائل سسٹم بھی شامل ہوگا۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق یوکرائنی صدر وولودومیر زیلنسکی جلد واشنگٹن پہنچنے والے ہیں جہاں وہ امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کریں گے۔ 
یوکرائن 

مزیدخبریں