عامر ذوالفقار آئی جی پنجاب، عبداللہ سنبل چیف سیکرٹری تعینات 


لاہور اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) وفاقی حکومت نے محمد عامر ذوالفقار خان کو انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ محمد عامر ذوالفقار ان دنوں ڈپٹی ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس کے عہدے پر فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ محمد عامر ذوالفقار اس سے قبل آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سی پی او پنجاب لاہور کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ محمد عامر ذوالفقار کا شمار پنجاب پولیس کے انتہائی پروفیشنل، ایماندار اور تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے۔ عامر ذوالفقار پولیس سروس کے وہ واحد آفیسر ہیں جنہوں نے بطور اے ایس پی، پولیس کے دونوں بڑے میڈلز، قائد اعظم پولیس میڈل اور پاکستان پولیس میڈل حاصل کر لیے تھے۔ محمد عامر ذوالفقار کا تعلق لاہور سے ہے۔ انہوں نے 1991 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی۔ ان کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے انیسو یں کامن سے ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ایس ایس پی ایڈمن سپیشل برانچ پنجاب اور ایس ایس پی سپیشل برانچ لاہور ریجن عہدوں پر فرائض سر انجام دیئے۔ محمد عامر ذوالفقار نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی او ملتان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز سی پی او پنجاب لاہور اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سی پی او پنجاب لاہورکے عہدوں پر فرائض ادا کئے۔ محمد عامر ذوالفقار، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور فیڈرل گورنمنٹ میں خدمات انجام دے چکے۔ قبل ازیں پنجاب حکومت نے گریڈ 21 کے پولیس آفیسر غلام رسول زاہد کو قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب تعینات کر دیا تھا۔ دریں اثناءعبداللہ سنبل کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کر دیا گیا۔ وفاق کو عامر ذوالفقار کے علاوہ فیاض دیو، غلام محمود ڈوگر کے نام ارسال کئے گئے تھے۔ 

 عامر ذوالفقار

ای پیپر دی نیشن