سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی سنڈیکیٹ اجلاس کالعدم قرار دیدیا

Dec 22, 2022


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائیکورٹ نے 17دسمبر 2022 کو منعقدہ جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ اجلاس کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ تین دن کے اندر دوبارہ سنڈیکیٹ بلا کر 13مئی 2022کے ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کریں اور 5جنوری کو اس کی رپورٹ جمع کرائیں۔کیس کی سماعت جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔درخواست گزاروں کی جانب سے عاصم اقبال ایڈووکیٹ اور فرمان اللہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی سنڈیکیٹ کو 2019 کے ابلاغ عامہ کے سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں نئے فیصلے کا حکم دے رکھا ہے۔17 دسمبر کو سنڈیکیٹ نے عدالتی احکامات نظرانداز کیے اور اپنے سابقہ فیصلے کو دہراتے ہوئے ری انٹرویو کا فیصلہ کیا جسے ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ سماعت کے دوران جامعہ کراچی کے وکیل نے سپریم کورٹ کے فیصلے تک کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی جو مسترد کر دی گئی۔

مزیدخبریں