کراچی کو لٹیروں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ‘علامہ حسن ظفر


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی پریس کلب میں کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال اس حدتک خراب ہوچکی ہے کہ ملک دیوالیہ کے قریب پہنچ چکا ہے ملک اربوں ڈالر کا مقروض ہو چکا ہے موجودہ حکمران ساری دنیا میں کشکول لے کر گھوم رہے ہیں کہ کسی
 سے دو،چار ارب ڈالر مل جائیں لیکن کوئی ہمارے حکمرانوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہیں اس پر ستم ظریفی یہ ہے کہ حکمرانوں کو اپنی ذلت کا احساس نہیں ہے اپنے ساتھ دو سو  افراد کے ماہرین معاشیات کو ساتھ لے کر آنے کا دعوی کرنے والوں کا حال یہ ہے کہ صرف چھ مہینے میں مہنگائی کے 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں ۔کراچی کے حالات سدھرنے کے بجائے بگڑتے چلے جارہے ہیں یہ شہر تباہی اور بربادی کی تصویر بنا ہوا ہے اور صوبائی حکومت کے پاس صرف ایک بہانہ ہے وہ یہ ہے کہ جو کیا دوسروں نے کیا۔ روزانہ کی بنیاد پر شہر کراچی میں ڈاکو لٹیرے عوام کی املاک کو لوٹتے ہوئے بے گناہ شہریوں کو قتل کر دیتے ہیں اس شہر کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ کراچی کو لوٹنے والے ایک جگہ جمع ہو گئے ہیں کوئی نہیں جو کراچی کے زخموں کا مرہم بن سکے ۔ فرضی باتوں پر علمائے کرام کے خلاف مقدمات قائم کر کے انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔کوئٹہ کے امام جمعہ حجت الاسلام و المسلمین علامہ حسنین وجدانی کو ایک ایسے ہی پرانے مقدمے میں ملوث کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے یہ صورتحال ناقابل برداشت ہے اگر ان کو رہا نہ کیا گیا توہم احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے گرفتار کیے جانے والے عزاداران امام حسین جن کا تعلق شیعہ وسنی مکتبہ فکر سے ہے آپ تک پابند سلاسل ہیں اور انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی حکومت کیا چاہتی ہے؟ ۔حکومت عبد اللہ شاہ غازی مزار پر عزاداری کرنے والے نوجوانوں کو فی الفور رہا کرے بصورت دیگرملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔ کانفرنس میںایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر علامہ علامہ صادق جعفری،علامہ حیات عباس نجفی،مولانا عبدالحمید حسینی،رضی حیدر سمیت دیگر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن