آخری سیلاب متاثر کی بحالی تک امدادی سر گرمیاں جاری رہینگی:شرجیل میمن

Dec 22, 2022


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، وزیر اعلی سندھ سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکاسی آب کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں ، محکمہ آبپاشی ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب یقینی بنانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5000 روپے دینے کے لیے سروے کا کام تیزی سے جاری ہے ، محکمہ زراعت اور محکم روینیو کی 4048ٹیمیں تپہ سطح پر سروے کا کام کر رہی ہیں ، صوبہ کے علاقوں میں سروے کے لئے تپہ سطح پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے سندھ کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے گزشتہ روز 1.692 ارب ڈالرز کے پروجیکٹس کی منظوری دے دی ہے ، جس میں سے تین پروجیکٹس میں سیلاب متاثرین کی بحالی ، گھروں کی تعمیر اور متاثرہ فصلوں کی بحالی شامل ہے ، دو پروجیکٹ سندھ میں سوشل پروٹیکشن اور ماں بچے کی صحت سے متعلق ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت ، وزیر اعلی سندھ ، ضلعی انتظامیہ اور پاکستان پیپلز پارٹی نے عزم کیا ہے کہ آخری سیلاب متاثر کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیلاب متاثرین کا کیس عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے اٹھا رہے ہیں ، جس کے نتیجے میں موسمیاتی انصاف کے تحت اقوام متحدہ نے فنڈ قائم کردیا ہے ۔
شرجیل میمن

مزیدخبریں