حکمران الیکشن سے بھاگ رہے: اسدعمر

Dec 22, 2022 | 15:09

جنرل سیکرٹری تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکمران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن سےبھاگ رہے ہیں، انہیں اچانک کیسے خیال آگیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنا اعتماد کھو بیٹھے ہیں ۔اسلام آباد میں رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کروانے کے لئے یہ قانون سازی بدل رہے ہیں، ان کی کوشش ہے الیکشن کو کسی طرح روکا جائے، ضمیروں کی منڈی لگا کر جو عمل کیا گیا اس سے پاکستان کی جڑیں کمزور ہورہی ہیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کا خط دیکھ کر سمجھ نہیں آتی بندہ ہنسے یا روئے، موجودہ حکومت جمہوریت کے بنیادی اصول پامال کرنے پر تلی ہے ، یہ پاکستان کے عوام اور عمران خان سے خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو پامال کرنا چاہتے ہیں، الیکشن سے ایک ہفتے پہلے ان کو خیال آیا کہ اسلام آباد کی آبادی بڑھ گئی ہے، پہلے یہ الیکشن سے بھاگنا چاہتے تھے، جون کے ماہ میں ترمیم کی اور یونین کونسل کی تعداد بدل دی۔ یہ سیاسی میدان اور عدالتوں میں ناکام ہوگئے، پہلے انہوں نے کوشش کی کہ عمران خان کو قانونی طریقے سے گرایا جائے، توشہ خانہ کے کیس میں کھودا پہاڑ نکلا چوہا، فیصلہ امپورٹڈ حکومت کے خلاف ہی آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ معاملات عدلیہ کی طرف جارہے ہیں، ان کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں ، انہوں نے عمران خان کے خلاف جعلی آڈیو چلانی شروع کردیں ،عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی۔سابق وفاقی وزیر نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک یہ صورتحال ہے کہ ملک میں ڈالر کی کمی اس خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے کہ باہر بیٹھے سفارتکاروں کو تنخواہ دینے کے پیسے نہیں ہیں، ترسیلات زر نیچے آرہی ہیں اور ڈالروں کے لئے ایک بلیک مارکیٹ کھل گئی ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ 15لاکھ لوگ ٹیکسٹائل کی صنعت میں بیروزگار ہوگئے ہیں، جہاں یہ معیشت کو لے کر آگئے ہیں وہ ایک اور ہی کہانی ہے ۔

مزیدخبریں