کمانڈر بی این اے 70 ساتھیوں سمیت  قومی دھارے میں شامل

کالعدم بلوچ نیشنل آرمی (بی این اے) کے کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے ستر ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔کوئٹہ میں نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران بنگلزئی نے انکشاف کیا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے کے لیے بھارت فنڈنگ کرتا ہے۔
دشمن کے ہاتھ میں کھیلنے والے گمراہ عناصر پاکستان کے شدید نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ان کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے اگر یہ راہ راست پر آ جاتے ہیں تو زیادہ بہتر ہے۔وہ ان قوتوں کو بھی بے نقاب کر سکتے ہیں جن کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔بنگلزئی نے بتایا کہ پاکستان میں امن تباہ کرنے کے لیے بھارت فنڈنگ کرتا ہے۔بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کرتا بلکہ ایسے مواقع وہ خود پیدا کر لیتا ہے۔اگر اس کو سہولت کار نہ ملیں تو اس کی ساری پلاننگ ناکام  ہو سکتی ہے۔بنگلزئی نے بھارت کی سازشوں کی قلعی کھول دی ہے۔ دنیا کو باور کرانے کی ضرورت ہے کہ بھارت کس طرح سے خطے کا امن تباہ کر رہا ہے۔ مودی نے ایک موقع پر کہا تھا کہ بنگلہ دیش جیسے حالات بلوچستان میں پیدا کر دیئے جائیں گے۔کشمیر کا بدلہ بلوچستان میں چکائیں گے۔مودی کی طرف سے نہ صرف یہ کہا گیا بلکہ مودی کے اس بیان سے قبل اور بعد میں بھی پاکستان میں بھارت کی مداخلت ہوتی رہی۔ کبھی براہ راست اور کبھی افغانستان کے ذریعے۔یہ کل کے شدت پسند جو قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں اور جو بدستور شدت پسندی کی راہ پر چل رہے ہیں ان کو پاکستان سے زیادہ کوئی بھی فیسیلیٹیٹ نہیں کر سکتا۔ملک میں امن ہے تو ان کی نسلیں بھی روشن مستقبل سے سرفراز ہو سکیں گی۔ پاکستان کی ساری اکائیاں ایک گلدستے کی مانند ہیں۔حکومت کی طرف سے یہ بہترین اقدامات اٹھائے گئے ہیں کہ شدت پسندوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور یہ کوششیں کامیابی سے بھی ہمکنار ہوتی  نظر آرہی ہیں۔ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ایسے لوگ جو بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں ان سے بھی رابطے کیے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن