بھارت کے داؤد ابراہیم سے متعلق پاکستان پر الزام جھوٹ کا پلندہ: دفتر خارجہ 

Dec 22, 2023

 اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ)  دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشی اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ  نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کہ بھارت داؤد ابراہیم کے کراچی کے اسپتال میں داخل ہونے اور زہرخورانی سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہا ہے۔ ای یو ڈس انفولیب کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔دفترخارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو بھارتی دہشت گردی پر شدید تشویش ہے۔ بھارت جنوبی ایشیا کے ساتھ پوری دنیا میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے۔ کمانڈر کلبھوشن یادیو جاسوسی اور تخریبی کاروائیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار ہوا۔ترجمان نے کہا کہ ریاست پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین کوئی بات چیت نہیں ہورہی۔ ہماری توجہ اور مطالبہ ٹی ٹی پی اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہے۔ افغان حکام اپنی سرزمین پر پاکستان مخالف دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں۔ پاکستان نے افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ امریکا پر اہم ملاقاتیں کیں اور دفاعی معاملات پر بات چیت کی ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے امریکا سمیت تمام ممالک سے رابطے میں رہتے ہیں۔ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت پر تشویش ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ گزشتہ ہفتے نگراں وزیر خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے متعلق خطوط لکھے ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 166 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے۔ پاکستان ہندو اور سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں توہین رسالت کا قانون کسی کے خلاف امتیازی قانون نہیں ہے۔ استعمال کسی اقلیت کے خلاف نہیں ہوتا بلکہ قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جاتی ہے۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔

مزیدخبریں