پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کسی کو لاڈلا کہنا صرف قیاس آرائیاں ہیں، جس کو عوام ووٹ دیں گے وہ وزیراعظم بنے گا،میں کسی پارٹی میں لوٹا بن کر نہیں گیا بلکہ اپنی جماعت بنائی ہے،میں خود قومی کے ایک اور صوبائی کے 2 حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے نصیر وزیر کی پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
پرویز خٹک نے کہا کہ نصیر خان وزیر کی شمولیت پر ان کا شکر گزار ہوں، جنوبی وزیرستان اس وقت کافی مصیبتوں میں گھرا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ملک میں امن ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مجھ سے زیادہ کوئی قریب نہیں تھا، نہ نیا پاکستان بنا نہ ترقی ہوئی پی ٹی آئی میں صرف انتشار ہی انتشار ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو کئی بار کہا ہم ملک کی ترقی کیلیے آئے ہیں انتشار کیلیے نہیں لیکن ان کا ایک ہی ایجنڈا تھا ملک میں انتشار آئے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ہم ملک کی ترقی چاہتے ہیں کسی ادارے سے تصادم نہیں، لیڈر ورکرز کو تہذیب سکھاتا ہے باپ بھی بچوں کو گالیاں نہیں سکھاتا، بانی پی ٹی آئی اپنے غرور میں تھا اور غرور اللہ کو پسند نہیں۔ پرویز خٹک کا کہناتھا ہر پارٹی کا اپنا اپنا منشور ہے پھر کس طرح یہ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کر رہے ہیں، ، جو صوبے کو حق دے گا اس کے ساتھ مرکز میں حکومت بنائیں گے جبکہ میں خود قومی کے ایک اور صوبائی کے 2 حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا منشور کچھ، پیپلز پارٹی کا کچھ اور اور اے این پی کا کچھ اور ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مجرموں کے خلاف کھڑا ہوں اور خاموش نہیں رہوں گا، انہی مجرموں نے پاکستان کو 75 سال لوٹا اب قوم جاگ چکی ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کسی کو لاڈلا کہنا صرف قیاس آرائیاں ہیں، جس کو عوام ووٹ دیں گے وہ وزیراعظم بنے گا ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر مرضی کا فیصلہ نہ آئے تو تنقید نہیں کرنی چاہیے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر کو ایسے موقع پر کوئی نہیں ہٹا سکتا۔پرویز خٹک نے کہا کہ 13 جنوری تک وقت ہے اور 60 فیصد ہمارے امیدوار ہوں گے۔