ہماری حکومت کو مدت پوری کرنے دی جاتی تو ملک کی تقدیربدل چکی ہوتی، جبکہ موجودہ حکومت مہلت گزرنے کے باوجود ملکی بہتری کے ایجنڈے پرعمل نہیں کرسکی میاں نوازشریف

مٹھن کوٹ میں مسلم لیگ نون کی جانب سے سیلاب متاثرین کوگھروں کی چابیاں تقسیم کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ ملک آج بھی آمریت کے دورمیں پیدا ہونے والے بحرانوں میں دھنسا ہوا ہے۔ آٹھ برسوں میں کوئی ڈیم بنادیا جاتا توآدھا ملک سیلاب میں بہتا اور نہ ہی لوڈ شیڈنگ کے عذاب کا سامنا کرنا پڑتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی منتخب حکومت پرشب خون مارنے والوں نے نہ صرف ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا بلکہ لال مسجد آپریشن کرکے معصوم بچیوں کا خون بھی بہایا۔
مسلم لیگ نون کے قائد نے کہا کہ عوام نے انہیں دو مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا لیکن دونوں ہی باران کی حکومت کو نہیں چلنے دیا گیا۔ وہ اپنی مدت پوری کرلیتے تو آج ملک کی تقدیربدل چکی ہوتی۔ میاں نواز شریف نے شکوہ کیا کہ موجودہ حکومت بھی ملکی بہتری کے لئے کوئی پیش رفت نہیں کرسکی حالانکہ ان کے پیش کردہ دس نکات میں سے اکثر نکات پر چند گھنٹوں اور کچھ دنوں میں عمل ہوسکتا تھا۔
مسلم لیگ نون کے قائد کا کہنا تھا کہ آمریت کے دور میں کرپشن کے ذریعے قومی خزانے کا بیڑہ غرق کردیا گیا، حتی کہ پرویز مشرف نے حمزہ شہباز سے بھی تیرہ کروڑ روپے وصول کرلئے۔ انہوں نے اس موقع پرڈیڑھ سو متاثرہ خاندانوں میں گھروں کی چابیاں تقسیم کیں۔

ای پیپر دی نیشن