کوٹ لکھپت جیل میں قید دوپاکستانیوں کے قاتل امریکی شہری نے جیل میں اپنی مانیٹرنگ کے خلاف بھوک ہڑتال کردی

Feb 22, 2011 | 16:27

سفیر یاؤ جنگ
محکمہ داخلہ پنجاب کے ذمہ دارذرائع کے مطابق ریمنڈ ڈیوس نے کوٹ لکھپت جیل کی اپنی بیرک میں لگے سی۔ سی۔ ٹی وی کمیروں کی تنصیب کے خلاف بھوک ہڑتال کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس نے منگل کے روز دوپہرکا کھانا لینے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کے سیل میں لگائے گئے آلات کو ہٹایا جائے تاہم جیل حکام نے اس کے مطالبات کو یکسرمسترد کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس صوبائی حکومت کی جانب سے جیل میں کئے گئے سخت اقدامات اوراپنے استثنیٰ کے معاملے کے طوالت کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہے۔ دوسری طرف ایس۔ پی سول لائنز دیگر پولیس حکام کے ساتھ عباد الرحمن کو کچلنے والے گاڑی اور اس میں سوارمبینہ امریکی اہلکاروں کی حوالگی کیلئے امریکی قونصل خانے گئے جہاں قونصلیٹ کے حکام نے ان پر واضح کیا کہ اس معاملے پر اسلام آباد میں موجود امریکی سفارتخانے کی جانب سے انہیں کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ وقت نیوز سے گفتگو میں پنجاب حکومت کے ترجمان نے الزام عائد کیا کہ اس حساس معاملے پرامریکی سفارتکاروں پر دبائو ڈالنے کیلئے وفاقی حکومت سے چھ مرتبہ رابطہ کیا گیا مگر وفاقی حکومت خاموش ہے۔
مزیدخبریں