کنیئرڈ کالج لاہورکے چوہترویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی، فلاحی اورجمہوری ریاست بنانے کیلئے تعلیمی انقلاب لانا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے کو بہتربنانے کیلئے نہ صرف ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا ہوگا بلکہ انتہا پسندانہ رویوں کا خاتمہ بھی کرنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اورعلامہ اقبال کے خواب کی تعبیرنہیں، ہمارے بزرگوں نے کرپٹ معاشرے کے قیام کیلئے قربانیاں نہیں دی تھیں۔ وزیراعلیٰ نے ہمسایہ ملک بھارت میں تعلیمی اصلاحات کی مثال دی اور کنیئرڈ کالج کی مینجمنٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت انہی اداروں کے طرز پردانش سکول قائم کررہی ہے۔ میاں شہباز شریف نے اس موقع پرنمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔