نیویارک (نمائندہ خصوصی + مانیٹرنگ ڈیسک + رائٹر + نیٹ نیوز) امریکی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس اس وقت خفیہ طور پر سی آئی اے کے لئے کام کر رہا تھا۔ وہ اس وقت لاہور کے قونصلیٹ میں سی آئی اے کے کنٹریکٹر کے طور پر کام کر رہا تھا۔ واشنگٹن پوسٹ نے امریکی اہلکاروں (جنہوں نے نام ظاہر نہیں کئے) کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس دو سال سے سی آئی اے کے لئے کام کر رہا تھا۔ وہ بڑے شہروں میں انتہا پسند گروپوں پر نظر رکھنے کا کام کرتا تھا۔ ان اہلکاروں کا خیال ہے کہ ریمنڈ کو واپس لانا بہت مشکل ہے۔ ریمنڈ سی آئی اے کے دیگر 5 کنٹریکٹرز کے ساتھ مل کر کام کر رہا تھا۔ ریمنڈ بلیک واٹر کیلئے بھی کام کرتا تھا۔ جیل میں ریمنڈ کی جان کو خطرہ ہے۔ حراست کے وقت ریمنڈ گرد و نواح کا جائزہ لے رہا تھا۔ واقعے کے وقت ریمنڈ ڈیوس جاسوسی مشن پر تھا۔ واقعے میں ملوث 2 افراد امریکہ پہنچ چکے ہیں۔ امریکی میڈیا حکومت کی درخواست پر ریمنڈ کے جاسوس ہونے کا انکشاف نہیں کیا جا رہا۔ ریمنڈ کی مدد کو آنے والوں کا تعلق بھی سی آئی اے سے ہے۔ ریمنڈ کو پاکستان سے نکالنا جان جوکھوں کا کام ہے۔ ریمنڈ کے نکلنے سے پاکستانی مشتعل ہو جائیں گے۔ ریمنڈ کی اصلیت ظاہر ہونے کے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے۔ امریکی حکومت کی درخواست پر خبر شائع نہیں ہوئی۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ریمنڈ ڈیوس سی آئی اے کی خفیہ ٹیم کے ارکان کا ایک حصہ ہے جن کا کام پاکستان میں عسکریت پسندوں پر نظر رکھنا ہے۔ اخبار کے مطابق ریمنڈ بلیک واٹر کا سابق ملازم ہے اورسی آئی اے کے لئے کام کر رہا تھا وہ لاہور کے ایک ’ محفوظ مقام میں سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھا۔ دریں اثنا آئی ایس آئی کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ریمنڈ ڈیوس سی آئی اے کیلئے کام کرتا ہے۔ اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر فرانسیسی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس سی آئی اے کا باقاعدہ ملازم نہیں بلکہ وہ سی آئی اے کے لئے کنٹریکٹ پر کام کرتا ہے۔ نجی ٹی وی چینل نے دعوی کیا ہے کہ امریکی سفارتخانہ نے دس جنوری 10ءمیں امریکہ نے ریمنڈ کے لئے غیر سفارتی کارڈ کے حصول کی درخواست کی تھی چینل کے مطابق اسے سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو لکھے گئے خط کی نقل مل گئی ہے۔ وہائٹ ہاﺅس کے ترجمان اور ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو جلد رہا کیا جائے۔ جیل میں اس کی جان کو خطرہ ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ رائٹر کے مطابق پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ریمنڈ ڈیوس کی حفاظت کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اس کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ رائٹر کے مطابق بھی امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس سی آئی اے کا کنٹریکٹر تھا مگر وہ آپریشنز میں حصہ نہیں لے رہا تھا‘ وہ پروٹیکٹو افسر کے طور پر کام کر رہا تھا۔
ریمنڈ / امریکی حکام
ریمنڈ / امریکی حکام