صومالیہ کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن میں موجود حنا ربانی کھر نے برطانوی خارجہ سیکرٹری ولیم ہیگ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ کل ہیلری کلنٹن سے ملاقات کریں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک نیٹو حملے کے بعد سے کشیدہ تعلقات کی بحالی اور انہیں مستحکم کرنے میں جلد کامیاب ہوجائیں گے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ تعلقات کے فروغ کے لیے کچھ شرائط ہیں جس میں دونوں ملکوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا۔ ملاقات سے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات، مقاصد اورخطے خصوصاً پاکستان اور افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے کوششوں کو فروغ ملے گا۔ گزشتہ برس نومبر میں سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو حملے میں چوبیس پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد یہ پاک امریکہ وزرائے خارجہ کی پہلی ملاقات ہوگی۔