اسلام آباد، نئی دہلی 60 منٹ کی مسافت طے کرنے میں 60 سال لگ گئے: فہمیدہ مرزا

Feb 22, 2012

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے بھارتی لوک سبھا کی سپیکر میرا کماری کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وفاقی وزراءاور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اسلام آباد اور نئی دہلی کی مسافت 60 منٹ ہے جسے طے کرنے میں 60 سال لگا دئیے گئے۔ پاکستان بھارت تعلقات کو نئی بلندےوں تک لے جانے کے لئے پارلیمانی مہم شروع کرنے کی دعوت دیتی ہوں۔ میرا کماری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مسائل ورثے میں ملے ہیں ممبئی حملہ کیس میں دونوں ممالک کے تحقیقاتی کمشن آپس میں رابطے میں ہیں۔ علاوہ ازیں فہمیدہ مرزا اور میرا کماری نے ملاقات کی جس میں پارلیمانی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ میرا کماری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم نے دونوں ملکوں میں مذاکرات کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اب وہ دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جبکہ بھارتی پارلیمنٹ کے مسلمان رکن سید شاہ نواز حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات صرف بی جے پی ہی بہتر بنا سکتی ہے۔ عشائیے میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے سید شاہ نواز حسین نے کہا کہ نوازشریف اور واجپائی نے مذاکرات کا جو عمل شروع کیا تھا اگر وہ جاری رہتا تو دونوں ملکوں کے تعلقات بہت آگے جا چکے ہوتے۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ بی جے پی مسلمانوں کے خلاف ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی بیگم شہناز وزیر علی نے ایئر پورٹ پر وفد کا خیرمقدم کیا۔ وفد لاہور کا بھی دورہ کرے گا، پاکستان میں قیام کے دوران وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک، پاکستان بھارت پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ اور خواتین ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
مزیدخبریں