”ذوالفقار چیمہ پولیس کا جھومر ہیں، افسر تقلید کریں“

لاہور (اپنے نمائندے سے) اولڈ راویئنز ایسوسی ایشن نے مقامی ہوٹل میں ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ ذوالفقار احمد چیمہ کی گریڈ 21 میں ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر ترقی پانے پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا اس موقع پر ایس ایم ظفر نے کہا کہ ذوالفقار چیمہ اعلیٰ کردار کے حامل پولیس آفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک محب وطن پاکستانی بھی ہیں دوسرے افسروں کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہئے۔ لاہور کالج ویمن یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر بشریٰ متین نے کہا کہ راویئنز کے سالانہ ڈنر میں صرف ذوالفقار چیمہ کی تقریر سننے آتی ہوں۔ کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا کہ ذوالفقار چیمہ کی دیانتداری اور جرا¿ت مندی کی وجہ سے میں ان کا عقیدت مند ہوں۔ کاش پولیس میں کچھ اور ذوالفقار چیمہ بھی ہوں۔ ڈی آئی جی لاہور آپریشن رائے محمد طاہر نے کہا کہ ذوالفقار احمد چیمہ ہم سب کیلئے رول ماڈل ہیں وہ اعلیٰ درجے کے منتظم اور انتہائی فرض شناس آفیسر ہیں۔ سید تنویر عباس تابش نے کہا کہ ذوالفقار اور ان کے دونوں بھائی جسٹس افتخار چیمہ اور ڈاکٹر نثار چیمہ ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔ صنعت کار خاور رفیق نے کہا کہ ذوالفقار چیمہ دیانتدار، فراخ دل اور شگفتہ مزاج ہیں۔ اولڈ راویئنز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہباز اے شیخ نے کہا کہ ہمیں ذوالفقار جیسے محنتی اور فرض شناس آفیسر پر فخر ہے۔ تقریب کے اختتام پر ذوالفقار احمد چیمہ نے تمام شرکاءکی آمد اور اپنے دوست احباب سمیت اولڈ راویئنز ایسوسی ایشن کا اپنے اعزاز میں عشائیہ دینے پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کے میرے مہربانوں نے جن صفات کا ذکر کیا میں ان کی توقعات پر پورا اتروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی بقا اور ترقی کیلئے ہم سب کو اپنے اپنے میدان میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ 

ای پیپر دی نیشن