کراچی (سالک مجید) سندھ کے نئے بلدیاتی نظام پر دستخط کرنے کے معاملے پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی لندن روانگی کا امکان ہے ذرائع کے مطابق گورنر سندھ، سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والے بل پر دستخط کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے پارٹی قیادت سے مشاورت کررہے ہیں اور بیرون ملک رخصت پر جانے یا مستعفی ہونے سمیت مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق قائم مقام گورنر بھی بلدیاتی نظام کے بل پر دستخط کرسکتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ آج صبح 6بجے لندن روانہ ہو رہے ہیں وہ پہلے دبئی پھر لندن جائیںگے۔دریں اثنا سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام 1979ءکی بحالی کے فوراً ہی بعد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی محمد حسین سید کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان کی جگہ کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی کو اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد حسین سید کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔