سانحہ کوئٹہ: قبرستان میں فاتحہ خوانی ہوتی رہی، کراچی منتقل ہونے والی خاتون چل بسی

Feb 22, 2013

کوئٹہ (اے پی اے + نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ) سانحہ ہزارہ ٹاﺅن میں جاں بحق افراد کی قبروں پر حاضری کا سلسلہ جاری رہا اور ان کے عزیز و اقارب نے فاتحہ خوانی کی۔ سانحہ ہزارہ ٹاﺅن کے جاں بحق افراد کی تعداد 114 ہو گئی ہے۔ رات گئے کوئٹہ سے کراچی لائے جانے والے 38 زخمیوں میں سے ایک خاتون دوران منتقلی دم توڑ گئی جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ سانحہ کوئٹہ کی زخمی خاتون گل افشاں کو بدھ کی رات دیگر زخمیوں کے ہمراہ سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے کراچی لایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں سانحہ ہزارہ ٹاﺅن میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور بچوں نے دھماکوں والے مقام پر شمعیں روشن کرکے پرامن احتجاج کیا۔ انہوں نے اپنے پیاروں کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے کوئٹہ میں پیش آنے والے سانحہ کیرانی روڈ کے شہداءاور زخمیوں کے اہل خانہ کی مالی امداد کےلئے بلوچستان حکومت کو دو ارب روپے کی گرانٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ گرانٹ آئندہ چند روز میں بلوچستان حکومت کو فراہم کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی ہے سانحہ کرانی روڈ کے شہداءاور زخمیوں کے کوائف فوری طور پر مرتب کئے جائیں تاکہ ان کے اہل خانہ کی فوری امداد کی جاسکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے اہل خانہ کو فی کس 10لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو ایک سے تین لاکھ روپے تک ادا کئے جائیں گے ۔ وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی ہے کہ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ میں سے کسی ایک فرد کو فوری طور پر سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔ علاوہ ازیں مجلس وحدت المسلمین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹارگٹڈآپریشن فوج کرے۔ لشکر جھنگوی کے خلاف آپریشن کرنے والے اداروں پر اعتماد نہیں۔ ادھر بولان کے علاقے سنی ہماپادہ کے قریب روڈ پر نصب ریموٹ کنٹرول بم سے تحصیلدار ڈھاڈر کو نشانہ بنایا گیا تین اہلکار معمولی زخمی ہو گئے۔ ملزمان فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر تحصیلدار نے موقع پر جا کر معائنہ کیا واپسی پر روڈ کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے ذریعے تحصیلدار کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا دھماکہ میں تحصیلدار خود محفوظ رہے تاہم تین اہلکار رسالدار نصراللہ خان سپاہی ذیشان احمد سپاہی راشد احمد معمولی زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔ ادھر کوئٹہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔ جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے کلی مبارک میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص محراب بخش کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں مٹھڑی کے علاقے سے انتظامیہ نے خاتون سمیت 2 افراد کی نعشیں قبضے میں لے لیں۔

مزیدخبریں