قائمہ کمیٹی کی ڈگریوں کی تصدیق کیلئے الیکشن کمشن کے خط پر شدید برہمی

Feb 22, 2013

 اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے ڈگریوں کی تصدیق کیلئے الیکشن کمشن کے خط پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت قانون کی مخالفت کے باوجود پارلیمنٹ میں خصوصی افراد کیلئے نشستیں مختص کرنے کے بل کی منظوری دے دی ہے، ڈی جی الیکشن کمشن سید شیر افگن نے کہا ہے کہ ایچ ای سی کی درخواست پر ارکان کو خط لکھے۔ کمیٹی نے وزارت قانون کی مخالفت کے باوجود پارلیمنٹ میں خصوصی افراد کیلئے نشستیں مختص کرنے کے بل کی منظوری دی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس ممتاز عالم گیلانی کی زیر صدارت ہوا،کمیٹی نے وزارت قانون اور الیکشن کمشن کے سیکریٹریز کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی ممتاز عالم گیلانی نے کہاکہ الیکشن کمشن کو ڈگریز کی تصدیق کے معاملے پر ارکان پارلیمنٹ کو خطوط لکھنے کی بجائے کمیٹی سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔ ارکان نے ڈی جی الیکشن کمیشن شیر افگن سے انتخابی امور پر زبانی بریفنگ لینے سے انکار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں تحریری بریفنگ مانگ لی۔ کمیٹی میں پارلیمنٹ میں خصوصی افراد کی نشستیں مختص کرنے کا بل زیر غور لایا گیا تو وزارت قانون نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے ریمارکس کا حوالہ دیا کہ آئین کے تحت تمام ارکان کا انتخاب بیلٹ کے ذریعے ہونا چاہیئے۔ کمیٹی نے مخالفت کے باوجود بل کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ بل کے تحت سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مخصوص افراد کیلئے چار، چار نشستیں مختص کی جائیں گی۔ کمیٹی نے سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد اور سیکرٹری وزارت قانون و انصاف یاسمین عباسی کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ آئندہ اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بنائے، کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کو نامکمل قرار دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عام انتخابات کے بارے میں تمام پہلوﺅں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دیں۔کمیٹی کے ارکان نے ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 51 میں ترمیمی بل 2012 ءکاجائزہ لیا کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چند مخصوص ترامیم کے بعد اس بل کی سمری تیار کی جائے گی جو بعد میں وزارت پارلیمانی امور کو بھیجی جائے گی تاکہ وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری لی جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن ڈاکٹر شیر افگن نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے لیے کیے گئے اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کیا تاہم کمیٹی نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ نامکمل ہے۔ انہیں ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس کے دوران تفصیلی بریفنگ دی جائے۔ اجلاس میں ممبران پارلیمان مہرین انور راجہ ، شاہین شفیق ، سیما محی الدین جمیلی،شیخ محمد طارق قریشی ،ایس اے اقبال قادری، ڈاکٹر ابوالقادر خانزادہ اور کشور زہرہ سمیت وزارت پارلیمانی امور اور الیکشن کمیشن کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ 

مزیدخبریں