پشاور (این این آئی) جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے کہاہے کہ قبائیلی جرگہ کے ذریعہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے میکینزم تیارکیاجائے گا۔ 28فروری کو اسلام آباد میںمنعقد ہونے والی آل پارٹیزکانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کے سامنے قبائلی جرگہ کے اعلامیہ کی تفصیلات رکھی جائیں گی اوران سے اس بارے میں حمایت حاصل کی جائے گی۔ قبائیلی جرگہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قیام امن کے عمل کوآگے بڑھانے کیلئے قبائیلی جرگہ کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ ہواکہ28 فروری کو اسلام آباد میں جے یوآئی (ف) کے زیراہتمام ہونے والی آل پارٹیزکانفرنس میں قبائیلی جرگہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی قومی قیادت کے ساتھ ملاقات کرے گااس سلسلہ میں جے یوآئی (ف) تمام سیاسی جماعتوں کودعوت نامے جاری کرے گی اے پی سی میں شریک تمام جماعتوں کوقبائیلی جرگہ کے اعلامیہ کی تفصیلات اور اس کے بنیادی مقصدسے آگاہ کیاجائے گااورقبائیلی جرگہ کے ذریعہ قیام امن کیلئے کوششوں کو آگے بڑھانے کے سلسلہ میں جرگہ کے اختیارپربھی بات کی جائے گی تاکہ قبائیلی جرگہ کومزید تقویت مل سکے اور یہ قیام امن کے سلسلہ میں ضامن بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ قبائیلی جرگہ اے این پی کے زیراہتمام منعقدہ آل پارٹیزکانفرنس کاحصہ نہ تھاہم نے وہاں اس کاکیس پیش کیاجس سے تمام جماعتوں نے اصولی طورپراتفاق کیاایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت ہم ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اورقبائیلی جرگہ کے مابین ملاقات کرانے جارہے ہیں تاہم وہ چاہتے ہیں کہ جرگہ کے ذریعہ حکومت سے مذاکرات ہوں، عسکری قیادت اورطالبان کے ساتھ بھی مذاکرات ہوں۔
فضل الرحمن نے طالبان سے مذاکرات کیلئے سیاسی قائدین کا جرگہ طلب کرلیا
Feb 22, 2013