لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن اولمپئن ارشد چودھری نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اذلان شاہ کپ میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کیلئے ایسے ہی فیصلوں کی ضرورت ہے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوںشکیل عباسی اور وسیم احمد کی جگہ نئے لڑکوں کو موقع ملنا چاہئے تاکہ ورلڈکپ 2014ءکیلئے مضبوط سکواڈ تشکیل دیا جا سکے۔ میں نے اپنے دور میں بھی کئی نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جن کا شمار آج بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ چودھری اختر رسول اور حنیف خان کی زیرنگرانی قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے اور جلد قومی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم کی صورت میں سامنے آئے گی۔