معروف صحافی فصیح اقبال کا سانحہ ارتحال

Feb 22, 2014

اداریہ

 معروف صحافی، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے سابق صدر بلوچستان ٹائمز اور روزنامہ زمانہ کے ایڈیٹر ان چیف اور پبلشر سینیٹر سید فصیح اقبال مختصر علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ سید فصیح اقبال الٰہ آباد میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد والدین کے ہمراہ کراچی منتقل ہوگئے۔ انکے والد سید مظہر رشید تحریک پاکستان کے سرگرم رکن تھے۔1950 ء کے عشرے میں سید فصیح اقبال کوئٹہ منتقل ہوگئے اور وہاں سے ہفت روزہ زمانہ کا اجراء کیا جو بعد میں روزنامہ بنا دیا گیا۔1976 ء میں بلوچستان ٹائمز کا اجراکرکے بلوچستان میں انگریزی صحافت کی بنیاد رکھی وہ کئی مرتبہ اے پی این ایس اور سی پی این ای کے صدر رہے وہ بلوچستان سے2 مرتبہ سینٹ کے ممبر منتخب ہوئے۔ بلوچستان کے عوام کیلئے ہمیشہ آواز اٹھاتے ہوئے بلوچ عوام کے حقوق کیلئے لڑتے رہے۔ آزادی صحافت کیلئے مشعل راہ تھے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے فعال کارکن تھے۔ ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں جاری چھٹی سالانہ سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس میں فصیح اقبال مدعو تھے اور انہوں نے اپنی شرکت کنفرم کی تھی کہ زندگی نے مہلت نہ دی ۔چند روز قبل معمولی تکلیف کی بنا پر کڈنی سینٹر میں داخل ہوئے جہاں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم نے شادی نہیں کی تھی۔ مرحوم کی وفات سے شعبہ صحافت میں پیدا ہونیوالا خلاء مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا‘ اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے بھائیوں، بہنوں اور عزیزوں سمیت وسیع تر صحافتی حلقہ بھی سوگوار ہے ۔ اللہ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے‘عجیب آزاد مرد تھا۔

مزیدخبریں