لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل سیشن جج نے7 سال کی عمر میں اغوا کے مقدمہ میں اشتہاری ہونے والی 22 سالہ لڑکی کو با عزت بری کردیا۔گذشتہ روز اغوا کیس کی ملزمہ راشدہ کو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا استغاثہ کے مطابق گرین ٹائون کے فلک شیر نے 1999ء میں تھانہ گرین ٹائون میں مقدمہ درج کرایا کہ اسکی بیوی زرینہ کو اشرف نے اغوا کیا ہے اور اسکی ڈیڑھ سالہ بچی فاطمہ بھی ساتھ لے گیا ہے گرین ٹائون پولیس نے اشرف ، اسکی 7 سالہ بہن راشدہ، زرینہ سمیت 7 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اکرم وغیرہ 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کا چالان فاضل عدالت میں پیش کر دیا گیا جبکہ اشرف ، زرینہ اور راشدہ کو اشتہاری قرار دے دیاگیا۔ آخرکار 7 سالہ اشتہاری ملزمہ راشدہ کو جو 22 سال کی ہو چکی ہے کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا۔ جس پراس کی بہن نے پولیس رویے کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج ندیم انصاری کی عدالت میں درخواست دائر کی عدالت نے گرین ٹاون پولیس سے مکمل ریکارڈ طلب کیا اور انکی سرزنش بھی کی جبکہ ملزمہ کی طرف سے بریت کی درخواست پر وکلاء دلائل اور ریکارڈ کی روشنی میں ملزمہ راشدہ کو باعزت بری کردیا۔
7 سال کی عمر میں اغوا کے مقدمہ میں اشتہاری 22 سالہ لڑکی کو بری کر دیا گیا
Feb 22, 2014