لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب میں نئے سلیبس کے مطابق آٹھویں جماعت کی کتابوں کی فوری اشاعت کیلئے چیئرمین کری کلم اٹھارٹی پنجاب نے چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کو خط لکھ دیا ہے اس حوالے سے وزیر تعلیم رانا مشہو د اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کو بھجوائے جانیوالے خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب حکومت کے احکامات کے مطابق فوری طور پر آٹھویں جماعت کے نئے سلیبس کی کتابوں کی اشاعت شروع کی جائے اور آٹھویں کلا س کی پرانی کتابوں کو سلیبس کا حصہ بنانا غیر قانونی اقدام ہے لہٰذا اس کی کوشش نہ کی جائے۔ پنجاب حکومت کے قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے طلبہ کو آٹھویں کے نئے سلیبس کی کتابیں فراہم کی جائیں اور اس میں تاخیری حربے استعمال نہ کئے جائیں۔ آٹھویں کے سلیبس میں پہلے ہی اردو اور کمپیوٹر نئے سلیبس کے مطابق طلبہ کو فراہم کر دی گئی ہے جبکہ نئی 7کتابیں بھی نئے سلیبس کے مطابق طلبہ کو دی جائیں۔ اس حوالے سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ پنجاب حکومت کے احکامات پر آٹھویں کے نئے سلیبس کے حوالے سے کری کلم کی جانب سے بروقت 116مسودوں کے این او سی جاری کئے جا چکے ہیں۔پنجاب کے نصاب کی تمام کتابیں پہلے ہی نئے سلیبس کے تحت کروڑوں طلبہ کو فراہم کی جارہی ہیں جن میں آٹھویں کلاس کی کتابیں بھی شامل ہیں اس سے کلاس ون سے لیکر دسویں تک تمام کتابیں نئے سلیبس کے مطابق ہو جائیں گی۔ آٹھویں کلاس کی کی 7نئی کتابوں کی سلیکشن کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی کو دسمبر 2013ء کے پہلے ہفتے میں مسودے فراہم کردئیے گئے تھے۔