کوٹ مٹھن+ پشاور (نامہ نگار+ آئی این پی) تھانہ کوٹ مٹھن کی حدود میں ریلوے ٹریک پر نصب 12 کلو وزنی دیسی ساخت کا بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ پشاور سے کراچی جانیوالی خوشحال ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ تفصیل کے مطابق جمعہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے اس وقت جب پشاور سے کراچی جانیوالی ٹرین خوشحال ایکسپریس نے ریلوے ٹریک سے گزرنا تھا، اس دوران مٹھن کوٹ پولیس کو مخبر نے اطلاع دی کہ ریلوے پھاٹک کے نزدیک ٹریک پر نامعلوم افراد نے دیسی ساخت کا بم نصب کر رکھا ہے چنانچہ پلاسٹک کے بڑے بیگ میں بند 12 کلو وزنی دیسی ساخت کا بم اور قریب پڑے ریموٹ کنٹرول کو پولیس نے قبضہ میں لے لیا۔ بم ڈپوزل سکواڈ نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران علاقہ سے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی۔ واقعہ کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ کوٹ مٹھن میں درج کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا پشاورکے علاقہ سربند میں پولیس نے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کا رروائی کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ پشاورکے علاقہ سربند میں پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل روکنے کی کوشش کی تو دہشت گردوں نے پولیس پرفائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور موٹر سائیکل اور خودکش جیکٹ چھوڑکر فرار ہوگئے۔ طلب کئے جانے پر بم ڈسپوزل یونٹ نے آٹھ کلو گرام وزنی بارود سے بھری خودکش جیکٹ ناکارہ بنا دی۔ اگر خودکش جیکٹ پھٹ جاتی توشہر میں بڑی تباہی کا سبب بن سکتی تھی۔
کوٹ مٹھن: خوشحال خٹک ایکسپریس کو پھر اڑانے کی کوشش، پشاور میں بارودی جیکٹ برآمد
Feb 22, 2014