بلوچستان میں قوم پرستی ڈھونگ ہے‘ نوابوں سرداروں نے تعلیمی نظام تباہ کردیا: سراج الحق

Feb 22, 2016

لاہور+ ڈیرہ اللہ یار+ جعفر آباد (خصوصی نامہ نگار+ آن لائن+ آئی این پی) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوابوں اور سرداروں نے بلوچستان کا تعلیمی نظام تباہ کردیا ہے، اپنے بچوں کو بیرون ملک سے تعلیم دلا رہے ہیں جبکہ نوجوانوںکے ہاتھوں میں کلاشنکوف تھما دی ہے، یہ قوم پرستی نہیں بلکہ منافقت ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈیرہ اللہ یارکے بلال منی فٹ بال سٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ جب ہماری حکومت آئی تو اسلامی نظام میں چیف جسٹس پاکستان کے ہاتھ میں انگریزی کتاب کے بجائے قرآن مجید ہوگا۔ صدر، وزیراعظم اور غریب کے بچے بھی ایک ہی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کے وحدت ،وجود اور نظریات کو بیرونی دشمنوں سے نہیں بلکہ اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے۔ حکمران دونوں ہاتھوں سے قوم کی دولت لوٹ رہے ہیں، کرپشن اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ تھر میں بچے بھوک و افلاس سے مر رہے ہیں جبکہ حکومت جشن پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے۔ بلوچستان وسائل سے ما لا مال ہے جبکہ یہاں کی عوام بھوک و افلاس کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی حالت بدلنے کیلئے جنرلوں سے لے کر بلوچستان اور خیبر پی کے تک اقتدار میں آئے مگر ملک اور غریب عوام کے حالات نہیں بدلے، پاکستان کے وجود کو بیرونی نہیں بلکہ اندرونی معاشی دہشت گردوں سے خطرہ ہے جنہوں نے غریب عوام اور ملک کو تباہ کرکے 375 ارب روپے باہر کے بنکوں میںرکھے ہوئے ہیں جبکہ ملکی قر ضے صرف 70 ارب ڈالر ہیں انہوں نے کہاکہ موروثی سیاست کرنے والوں کے جمہوریت کے مزے لوٹے اور جنرلوں کے دور میں بھی جھنڈا اور نام بدل کر عوام کو لوٹا مگر غریب عوام کے حالات جوں کے توں ہیں یہاں غریب وزیراعظم، صدر اور وزیراعلیٰ کیلئے تو علاج مفت ہے مگر غریب عوام کو ہسپتال میں ایک روپے کی گولی تک دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا سینکڑوں کلومیٹر دور دوسرے صوبے کو اوچ پاور پلانٹ سے بجلی فراہمی کی جاتی ہے مگر 990میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کے باوجودجعفر آباد کی عوام کو اوچ پاور پلانٹ سے بجلی کی فراہمی اب تک ممکن نہ ہوسکی جو چراغ تلے اندھیرا کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تاجر ہونے کا دعویٰ کرکے ملک کو ترقی اورخوشحالی کی جانب لانے کیلئے اقتدارمیں آئے وہ بھی کچھ نہیں کرسکے۔ بلوچ سندھی، چوہدری وزیراعظم بنے مگر وہ بھی عوام کو کچھ نہ دے سکے۔

مزیدخبریں