کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) ڈیرہ بگٹی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ بارودی سرنگ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کی گئی تھی۔ صباح نیوز کے مطابق ژوب میں سکیورٹی فورسز نے حساس ادارے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کارروائی مرغہ فقیرزئی میں حساس ادارے کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جہاں ایک کمپاونڈ سے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے 4مبینہ دہشت گردوں سے راکٹ لانچرز ، دستی بم ، ای آئی ڈیز، بارود اور بم بنانے کے آلات برآمد کئے گئے جبکہ دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔