کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان ائےرویز کو پی آئی اے کی ذیلی کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ کرانے کے خلاف ایکشن کمیٹی نے عدالت میں جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے بر طرف کئے جانے والے احتجاجی ملازمین نے برطرفیوں کے خلاف عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر لیا۔ قومی ائےر لائن کی نجکاری اور ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کر نے والی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی برطرفیوں اور پاکستان ائےر ویز کی رجسٹریشن کے خلاف عدالت میں جانے کے لئے ماہرین قانون سے صلاح و مشورے کئے ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے قوانین میں ذیلی ائےر لائن کی رجسٹریشن کی گنجائش نہیں جبکہ پی آئی اے کے ایکٹ 1956ءکی بعض شقوں کا بھی حوالہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان ائےر ویز کی رجسٹریشن کے حوالے سے رجسٹریشن کرانے والے خود کنفیوژن کا شکار ہیں اور صحیح صورتحال بتانے سے قاصر ہیں ایک طرف ملازمین کی برطرفیاں دوسری جانب ذیلی ائےر لائن نے حکومتی ارادوں سے پردہ ہٹا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت میں داخل کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ حکومت سے پی آئی اے چلائی جارہی ہے نہ ہی اس کی کاردگی بہتر کی جارہی ہے تو ذیلی ائےر لائن کس طرح چلائی جائے گی۔ یہ ادارے کے اثاثوں کو پاکستان ائےر ویز میں منتقل کرنے کی سازش ہے، پی آئی اے کو دیوالیہ ظاہر کیا جائے گا۔ پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ قومی ائیرلائن کا ذیلی ادارہ رجسٹرڈ کرا کے حکومت نے اپنے بیان کی نفی کر دی ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکمت عملی طے کرنے کے لئے آج اجلاس بلا لیا ہے۔ یہ کہا گیا کہ ایئر لائن چلانا حکومت کا کام نہیں اب رجسٹر کرا لی گئی ہے جس سے پی آئی اے کے اثاثوں پر قبضے کے فیصلے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ذیلی ادارہ بنا کر قیمتی اثاثے منتقل کر کے پی آئی اے کو دیوالیہ کر دیا جائے گا۔ ادھر پی آئی اے کے پائلٹوں کی تنظیم پالپا کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ پی آئی اے کی نجکاری اور ترمیمی بل کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی احتجاجی تحریک کے دوران بعض فیصلوں پر اختلافات تاحال دور نہیں ہو سکے۔ پالپا کے ذرائع کے مطابق پالپا کے صدر عامر ہاشمی کی جانب سے دیئے جانے والے بیان نے بھی نجکاری کے خلاف تحریک کو نقصان پہنچایا اور پالپا کی ایگزیکٹو کمیٹی عامر ہاشمی کو نوٹس جاری کر چکی ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پاکستان ائرویز کی رجسٹریشن کےخلاف عدالت جانے کا فیصلہ
Feb 22, 2016