نیو یارک ( نمائند ہ خصوصی+ اے پی پی) امریکہ میں صدارتی امیدواروں کے انتخاب کے تیسرے مرحلے میں رپبلکن جماعت کے ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی کیرولائنا سے جیت گئے جبکہ ڈیموکریٹ پارٹی کی ہلیری کلنٹن نے نیواڈا میں صدارتی امیدوار کی نامزدگی کا انتخاب جیت لیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریپبلکن اور ڈیموکریٹ جماعتوں کی جانب سے صدارتی امیدوار کے لیے نامزدگی کا یہ تیسرا مرحلہ تھا۔نیواڈا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی ہلیری کلنٹن اور برنی سینڈرز میں سخت مقابلہ ہوا جس میں ہلیری نے 52 فیصد ووٹ لے کر معمولی برتری سے یہ انتخاب جیتا۔ جنوبی کیرولائنا میں رپبلکن جماعت کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ ٹیڈ کروز اور سینٹیر روبیو بھی نامزدگی کے دوڑ میں شامل تھے۔میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 33.88 فصید ووٹ ملے جبکہ ٹیڈ کروز کو 21.81 فیصد اور سینیٹر روبیو کو 21.50 فیصد ووٹ ملے۔فلوریڈا کے سابق گورنر اور سابق صدر جارج بش کے بھائی جیب بش نے شکست کے بعد صدارتی انتخابات کی دوڑ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جیب بش جنوبی کیرولینا پرائمری مرحلے میں چوتھے نمبر پر رہے۔ اپنے ایک بیان میں جیب بش نے کہا کہ انھوں نے اپنی مہم معطل کرنے اور اس دوڑ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکہ/انتخابات