لاہورسمیت کئی شہروں میں پتنگ بازی،سینکڑوں گرفتار،ڈورپھرنے سے متعددزخمی

Feb 22, 2016

لاہور+ شیخوپورہ+ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں پولیس نے کریک ڈاﺅن کرکے 150سے زائد پتنگ باز اور دکاندار گرفتار کرلئے، ہزاروں پتنگیں، ڈور برآمد ہوئی جبکہ ڈور پھرنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں گذشتہ روز بھی پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا اور چھتوں پر بوکاٹا کی آوازیں لگتی رہیں جبکہ پولیس کی جانب سے پتنگ بازوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا اور متعدد پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے متعدد پتنگیں، چرخیاں اور ڈور قبضے میں لے کر44 ملزمان کو گرفتارکر کے انکے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ کینٹ ڈویژن میں پتنگ بازی کے17، اقبال ٹاﺅن ڈویژن میں پتنگ بازی کے 12، سٹی ڈویژن میںپتنگ بازی کے 11، ماڈل ٹاﺅن ڈویژن میں پتنگ بازی کے 3 اور سول لائنز ڈویژن میں پتنگ بازی کا ایک مقدمہ درج ہوا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 23 سو سے زائد پتنگیں،02 توڑے میٹر یل، 15چرخیاں، 18پنی ڈور اور 21 گچھی ڈور برآمد کرلی۔ پولیس نے شرقپور کے علاقہ سے انور کو 107 پتنگوں سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ دریں اثناءشہر اور گردونواح میں پولیس پتنگ بازی روکنے میں ناکام رہی۔ شیخوپورہ سمیت دیگر قصبات اور دیہات میں ”بوکاٹا“ کی صدائیںبلند ہوتی رہیں مرید کے میں موٹرسائیکل سوار دھاتی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے کمسن بچے کو گرفتار کیا اور گلی میں کھڑے ایک شخص کو محض اسلئے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا کہ اس نے بچے کی رہائی کیلئے منت سماجت کی ایسے ہی واقعات پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ سرکل فیروزوالا پولیس نے کارخانہ کے مالک، دو ڈیلروں اور 22 پتنگ بازی کرتے افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے ساڑھے 4 ہزار پتنگیں اور ڈور برآمد کرلی۔ مریدکے میں اتوار کی شام سٹی پولیس نے گڈی اڑانے والوں کے خلاف پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کریک ڈاﺅن کیا، پولیس سیڑھیاں لگاکر پتنگ بازوں کو گرفتار کرتی رہی، درجنوں پتنگ باز گرفتار کرکے حوالات میں بند کرکے مقدمات درج کر لئے گئے جبکہ مریدکے کی آبادی داﺅکے کا 8 سالہ بچہ محسن گلے میں ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہوگیا جبکہ ایس ایچ او سٹی کو معطل کر دیا گیا۔ شرقپور پولیس نے کریک ڈاﺅن کرکے 20 سے زائد گرفتار سینکڑوں پتنگیں برآمد کرلیں۔ دوسری جانب بچوں کے والدین نے تھانہ کے باہر شدید احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ میں پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کے دوران موثر کارروائی کے نتیجے میں 26 مقدمات درج کرکے 30 ملزمان گرفتار کئے اور ان کے قبضہ سے 47 کیمیکل ڈور کی گوٹیں، 995 پتنگیں برآمد کیں۔ سرکل پولیس کامونکے نے ایمن آباد کے محلہ دمدم میں چھاپہ مار کر گڈیاں تیار کرتے ہوئے افتخار عرف موچھا کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اس سے 3 سو پتنگیں اور بڑی تعداد میں پتنگیں بنانے والا سامان برآمد کرکے اس کےخلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ سٹی پولیس نے محلہ سلامت پورہ کے جمشید، شفیق، کسوکے روڈ کے خالد، شفیق، جاوید اور امجد سے مجموعی طور پر 80 پتنگیں برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ سیالکوٹ، اوکاڑہ اور منڈی بہاﺅ الدین میں 10 سے زائد پتنگ بازوں اور دکاندار گرفتار کرکے ہزاروں پتنگں اور ڈور برآمد کرلی گئی۔

مزیدخبریں