ہنگو‘ کوئٹہ‘ گوجرانوالہ‘ پنڈی سمیت کئی شہروں میں آپریشن جاری 500 گرفتار 59 افغان ڈی پورٹ

ہنگو+ کوئٹہ + گوجرانوالہ + حافظ آباد (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگاران) پولیس نے ہنگو کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 255 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزموں سے 7 کلاشنکوفیں، 11 رائفلیں، 6 بندوقیں اور 8 پستول برآمد ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 50 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کیخلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار افراد بغیر سفری دستاویزات کے قیام پذیر تھے۔ چاغی میں بھی لیویز نے کارروائی کرکے غیر قانونی طورپر مقیم 23 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ بہاولپور میں مشتبہ افراد کی موجودگی پر پولیس نے چھاپہ مارا، خاتون سمیت 3 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ رولپنڈی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔ حساس مقامات کے نقشے، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلئے۔ مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 150 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ نامہ نگا ر کے مطابق خانقاہ ڈوگراں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑا کریک ڈائون ہوا اور پولیس نے گھر گھرتلاشی میں کئی اشتہاری، دس کلو منشیات، چالیس شراب کی بوتلیں اور بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد کر کے ملزموں کو حوالات میں بند کر دیا۔ سرگودھا کے نواحی گائوں 118 جنوبی میں سرچ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 50 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی ۔ جڑانوالہ میں اہل دیہہ کی نشاندہی پر پولیس نے ایک افغان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ڈسکہ سے دو افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔ اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران 47 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے میں سی ٹی ڈی نے رانا گوہر عباس کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اسے کالعدم تنظیم سے تعلق کی بنا پر حراست میں لیا گیا ہے۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرینڈ سرچ آپریشن کے دوران119 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں نے ہوٹلوں‘ سرائے اور گاڑیوں میں بیٹھے افراد کی بھی سرچنگ کی۔خیبر ایجنسی طورخم بارڈر پر سکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ کے حکام نے پکڑے جانے والے 59 افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کردیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق افغان سرحد کے قریب غیر قانونی داخلے پر 47 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 40 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے افغانی کرنسی اور پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق حراست میں لئے افراد میں سے زیادہ کا تعلق افغانستان اور وزیرستان سے ہے۔ پولیس نے اہم شخصیات اور مقامات کی سکیورٹی سخت کرتے ہوئے شہر بھر کی ناکہ بندی کردی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث گل کے حکم پر ضلع بھر میں پولیس، ایلیٹ فورس اور حساس اداروں نے کومبنگ آپریشن کے دوران اب تک 27 افغانوں کو گرفتار کرکے فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے جبکہ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری سمیت سنگین جرائم میںملوث 16 ملزموں کو بھی گرفتارکیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں عمر خان، سرگند خان، مشہور خان، خالد، احسان اﷲ، حبیب اﷲ، سید افضل، احمد جان، عبدالوھاب، شیر حسن، تاج محمد، اکبر خان وغیرہ شامل ہیں انہیں گرفتارکرکے فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے ہیں جبکہ اس دوران 73مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔ڈی۔پی۔او ڈاکٹر غیاث گل نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع بھر میں آئندہ دنوں میں بھی آپریشن جاری رہے گا۔ اور عوام کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے کے سلسلہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران چار افراد گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ مشکوک افراد میں طاہر گل، افضل خان، اکرام خان اور میراللہ شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...