لاہور/ ملتان/ اسلام آباد/ فیصل آباد/گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پروزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے حافظ محمد سعید کیخلاف دیے گئے متنازعہ بیان کیخلاف ملک بھر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ملک گیر یوم احتجاج کے دوران لاہور،سیالکوٹ،قصور،گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، ملتان، کراچی، حیدر آباد ، کوئٹہ،پشاور، مظفر آباد، کوٹلی اور راولا کوٹ سمیت چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میںمظاہروں اور ریلیوںکے دوران لاکھوں افراد نے سڑکوں پر نکل کرخواجہ آصف کی بیان بازی کیخلاف شدید غم و غصہ کا اظہاراور ان سے استعفیٰ لینے کا مطالبہ کیا گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہو رمیں سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں ہواجس میں طلبائ، وکلاء اور تاجروں سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے بینر ز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’حافظ محمد سعید محافظ پاکستان ہیں، خواجہ آصف ،شرم کرو ،حیاکرو،میاں مودی دوستی نا منظور نا منظور اور حافظ محمد سعید کیخلاف پروپیگنڈا کشمیری و پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے‘ جیسی تحریریں درج تھیں۔ مظاہرین کی جانب سے حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی فی الفور رہائی کا بھی مطالبہ کیاگیا۔احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ،حافظ محمد مسعود،حافظ طلحہ سعید، ابوالہاشم ربانی،مولانا احسان الحق شہباز، حافظ خالد ولید،مولانا ادریس فاروقی، عثمان شفیق، حافظ مسعود الرحمن جانباز ودیگر نے خطاب کیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے، مقررین نے کہا کہ خواجہ آصف نے حافظ سعید کے خلاف بیان دے کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے جبکہ پاکستان کی دشمن قوتیں اور بھارت جشن منارہا ہے۔ خواجہ آصف پاکستان کیلئے بدنامی کا باعث فوری ہٹایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران پاکستان کے سربراہ اجمل بلوچ جماعت اسلامی اسلام آباد کے رہنما چوہدری کاشف، پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل عمران خان اور عظمت اللہ سلطان نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حافظ سعید کے حق اور خواجہ آصف کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے جرمنی کے میونخ شہر میںحافظ محمد سعید کیخلاف دیے گئے بیان کیخلاف ضلع کونسل چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مختلف مذہبی و سیاستی جماعتوں کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف وزیردفاع‘ پاکستان کے لیکن زبان بھارت کی بولتے ہیں۔ حافظ محمد سعید محب وطن لیڈر ہیں‘ کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرنے کے جرم میں انڈیا کی خوشنودی کیلئے ان کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ حافظ محمد سعید قوم کے ہیرو ہیں، انہیں رہا کرنا چاہئے اور خواجہ آصف جیسے وزیر کو جیل میں ڈالنا چاہئے۔ مظاہرہ میں شریک شرکاء نے اردو اور انگریزی میں لکھی گئی تحریروں پر مبنی کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر خواجہ آصف! بھوکوں کو کھانا کھلانا، مایوس لوگوں کے دلوں میں وطن کی محبت جگانا کیا حافظ محمد سعید کا جرم ہے؟ حافظ محمد سعید محسنِ انسانیت اور ہر پاکستانی کے دل کی دھڑکن ہیں، حافظ محمد سعید دہشت گرد نہیں۔ محسنِ پاکستان ہیں جیسی تحریریں درج تھیں۔ اس موقع پر فیاض احمد مسئول جماعۃ الدعوۃ فیصل آباد، قاری عبدالشکور ضلعی صدرر ملی یکجہتی کونسل، سلیم الرحمن امیر جماعت اہلحدیث، رانا عدنان رہنما جماعت اسلامی، مرزا محمد شفیق تاجر رہنما، شبیر احمد عثمانی جمیعت علماء اسلام سمیع الحق گروپ، ثاقب مجید، ڈاکٹر رضوان محمود و دیگر نے خطاب کیا۔ جماعۃ الدعوۃ اور حافظ محمد سعید کے خلاف وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کے بیان کے خلاف جماعۃ الدعوۃ، جماعت اسلامی اور دیگر مذہبی جماعتوں نے چوک علامہ اقبال میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے جس پر خواجہ آصف کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے خواجہ محمد آصف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ شرکاء نے خواجہ محمد آصف اور بھارت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ بعدازاں مظاہرین پیرس روڈ پر مسلم لیگ ہائوس کاگھیرائو کرکے نعرے بازی کی ہے ۔مسلم لیگ (ن) ہاؤس کے باہر مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے کہا ہے کہ خواجہ آصف پاکستانی وزیر دفاع بنیں، بھارتی زبان بولنا بند کریں۔ حکمرانوں نے پہلے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خاں کو پابند سلاسل کیا اب بھارتی دبائو پر حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کو نظربند کیا جا رہا ہے۔ بھارتی و امریکی ایما پر دیئے گئے خواجہ آصف کے بیان کی پوری پاکستانی قوم مذمت کرتی ہے۔ جرمنی کے شہر میونخ میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے حافظ محمد سعید کے خلاف متنازعہ بیان پر ملک بھر کی طرح پریس کلب بہاولپور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے خواجہ آصف کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حافظ محمد سعید کی حمایت میں تحریریں لکھی ہوئیں تھیں۔ احتجاجی مظاہرے سے مولانا ابوہریرہ‘ مفتی عبدالطیف‘ قاری حمزہ، حافظ عبدالباسط‘پروفیسرعون محمدسعیدی‘ حافظ محمدمحسن و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا حافظ محمد سعید محب وطن لیڈر ہیں‘ کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرنے کے جرم میں انڈیا کی خوشنودی کیلئے ان کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ موجود ہ حکومت کسی بھی مسئلہ پر کھل کر بولنے کو تیار نہیں۔ اگر حافظ محمد سعید کشمیر کی آواز اٹھانے کی وجہ سے خطرہ ہیں تو پھر مقبوضہ کشمیر میں بسنے والا ہر کشمیری پاکستان کے لئے خطرہ ہے۔چنیوٹ میں جماعت الدعوۃ کے ضلعی امیر حافظ بن یامین کی قیادت میں فیصل آباد روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی مقررین نے خواجہ آصف کی طرف سے حافظ سعید کے خلاف بیان دینے کی پرزور مذمت کی۔ وہاڑی میں تحریک آزادی جموں کشمیر وہاڑی کے زیر اہتمام وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان کی شدید مذمت کر تے ہوئے اور حافظ محمد سعید سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا ریلی ضلعی آفس سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف بازاروں کا چکر لگایا اور ٹی ایم اے چوک پر ضلعی امیر رانا شفیق الرحمن ، ثاقب جلیل ، محمد رفیق ، ابواسامہ ، رائو خلیل احمد ، سلا مت اللہ ، محمد منور، عثمان حیدر، شیخ جاوید کا لا ، ایم صادق کا شی ، محمد فیصل ودیگر نے خطابات کیے ۔
خواجہ آصف کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں‘ ہٹانے کا مطالبہ
Feb 22, 2017