لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں مال روڈ چیئرنگ کراس پر گذشتہ ہفتے ہونیوالے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے والی کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کی ویب سائٹ بھارت سے آپریٹ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق کالعدم جماعت الاحرار نے دھماکے کے چند گھنٹے بعد خودکش حملہ آور کی تصویر اور ذمہ دار قبول کرنے کا خط سوشل میڈیا پر جاری کر دیا تھا جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور سی ٹی ڈی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے جماعت الاحرار کی ویب سائٹ سے متعلق کھوج لگایا تو پتہ چلا کہ یہ بھارت سے آپریٹ ہو رہی تھی۔ ویب سائٹ کا آئی پی ایڈریس بھارتی شہر چنائی کا ہے جس کے ثبوت وزارت داخلہ کو فراہم کر دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے بھارتی ہائی کمیشن کو اس حوالے سے ثبوت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر باقاعدہ احتجاج بھی ریکارڈ کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ 13فروری کو ہونے والے خود کش دھماکے میں 15 افراد شہید جبکہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
لاہور: خودکش حملے کے تانے بانے بھارت سے جا ملے، جماعت الاحرار کا آئی پی ایڈریس چنائی کا نکلا
Feb 22, 2017