احکامات کو مذاق بنا رکھا ہے، ہائیکورٹ: توہین عدالت کی درخواست پر ڈی سی لاہور کی سرزنش

Feb 22, 2017

لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست میں ڈی سی لاہور کی سرزنش کرتے ہوئے فوری طور پر عرصہ دراز سے تعینات ڈی سی سٹاف افسر طارق زمان کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ ڈی سی نے سٹاف افسر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن عدالت کو جمع کرا دیا جس پر درخواست نمٹا دی گئی۔ توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر سمیر احمد پیش ہوئے۔ عدالت نے سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی صاحب آپ نے عدالتی احکامات کو مذاق بنا رکھا ہے۔ عدالتی احکامات پر عرصہ دراز سے محکمہ ماحولیات کے ملازم طارق زمان کو ڈی سی آفس سے کیوں نہیں ہٹایا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ طارق زمان کو عہدے سے ہٹا کر رپورٹ پیش کریں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں