ہائیکورٹ بار کے انتخابات بائیو میٹرک سسٹم سے کرانے کا حکم، غیر رجسٹرڈ ووٹر مینوئل طریقہ سے ووٹ ڈال سکیں گے: عدالت عظمٰی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ہائیکورٹ بار کے انتخابات جزوی طور پر بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اس سلسلے میں دائر درخواست نمٹاتے ہوئے رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے بائیو میٹرک انتخابات کرانے کی ہدایت کر دی۔ غیر رجسٹرڈ ووٹرز کو مینوئل طریقے سے بھی ووٹ ڈالنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن بورڈ نے 25فروری کو ہونے والے انتخابات بائیو میٹرک طریقے سے کرانے کا فیصلہ کیا۔ ایک صدارتی امیدوار رمضان چودھری کی درخواست پر پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے دیگر بارہ امیدواروں کو حق سماعت کا موقع دئیے بغیر فیصلہ سناتے ہوئے مینوئل انتخابات کرانے کی ہدایت کی۔ سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار شفقت محمود چوہان نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے تحت پاکستان بار کونسل کو بار ایسوسی ایشن کے معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں۔ بار کے جنرل ہائوس نے بائیو میٹرک کے حق میں قرارداد منطور کر رکھی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء اپنے گھر کے معاملات گھر میں حل کرنے کو ترجیح دیں۔ پاکستان بار کونسل کے ممبر اعظم نذیر تارڑ نے بائیو میٹرک انتخابات نہ کرانے سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔

ای پیپر دی نیشن