لاہور (سید شعیب الدین سے) میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کو تفریح کے لئے نہر کنارے مقامات، شاہراہ قائد اعظم کی خوبصورتی بڑھانے اور ٹوٹی سڑکوں، بدنما عمارتوں کی حالت بدلنے، بے ہنگم سائن بورڈز کے خاتمے اور لائٹنگ، انار کلی کو شہریوں کیلئے مثالی مارکیٹ بنانے کیلئے شاہراہ قائد اعظم پر 5 منزلہ پارکنگ پلازہ بنانے اور اسے (Pedestrian Briadge) کے ذریعے انارکلی سے ملانے کے منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ لاہور کے میئر کرنل (ر) مبشر جاوید نے اس بارے میں متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شاہراہ قائد اعظم پر انارکلی سے فیصل چوک تک سروس روڈز کی حالت بدلنے کیلئے کام آج سے شروع کر دیا جائے گا۔ سروس روڈز پر نئی روشنیاں لگائی جائیں گی۔ سروس روڈز کی مکمل کارپٹنگ کر دی جائے گی۔ فٹ پاتھ کی تعمیر مرمت کی جائے گی۔ بدنما عمارتوں پر رنگ و روغن کروایا جائے گا۔ ٹولنٹن مارکیٹ کے عقب میں خالی پلاٹ پر 5 منزلہ پارکنگ پلازہ بنانے کیلئے ڈیزائن کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ یہ پارکنگ پلازہ ٹولنٹن مارکیٹ کی پرانی شکل و صورت برقرار رکھتے ہوئے بنایا جائے گا ۔ اس پلازہ میں گاڑیان کھڑی کرنیوالوں کو سڑک پار کرنے کیلئے سڑک عبور کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ پارکنگ پلازہ سے پیدل چلنے والوں کیلئے پل شاہراہ قائداعظم کے پار انار کلی کی طرف اتارا جائے گا۔ نہر کے کنارے شہریوں کو بیٹھنے کی اور تفریح کی جگہ بھی مہیا کی جائے گی۔ اس منصوبے کے پہلے فیز کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہے۔ جیل روڈ سے دھرمپورہ تک کے دونوں طرف گرین بیلٹ کو ہموار کرکے بینچ لگائے جائیں گے۔ نہر کے پانی سے لطف اندوز ہونے کیلئے ایک اور دو سیڑھیاں بنائی جائیں گے۔ یہی تفریح صحافی کالونی سے آگے جلو پارک پل تک دوسرے فیز میں مہیا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ شہر میں اندھیری گلیوں کو ایمر جنسی بنیادوں پر روشن کرنے کیلئے بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔