پاک فوج نے ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ”ردالفساد“ شروع کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کا مقصد بلاتفریق ملک سے بچے کھچے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا ہے اور اس آپریشن سے سرحد کی سکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ یہ فیصلے لاہور میں آرمی چیف کی زیرصدارت اہم اجلاس میں کئے گئے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شروع ہونے والے اس آپریشن میں پاکستانی فضائیہ، بحریہ، سول فورسز اور دیگر سکیورٹی ادارے بھی حصہ لیں گے۔ آپریشن کے اعلان سے قبل پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں لاہور میں سکیورٹی اجلاس ہوا۔ بیان کے مطابق ان کارروائیوں میں پنجاب میں رینجرز بھی حصہ لیں گے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کوششوں میں ملک کو اسلحے سے پاک کرنا اور آتشیں مادے پر کنٹرول حاصل کرنا بھی شامل ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن ردالفساد کا مقصد نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنا بھی ہے۔ اس آپریشن کا مقصد ہے ماضی میں کئے گئے آپریشن میں حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے گا۔ پنجاب میں رینجرز کے بڑے پیمانے پر انسداد دہشت گردی آپریشن بھی اس کا حصہ ہیں اس آپریشن میں پورے ملک کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا۔ ملک بھر سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا جائے گا۔ دہشت گردی کیخلاف آپریشنز سے صورت حال کو کنٹرول کیا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اس آپریشن کا طرہ امتیاز ہو گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق آپریشن ”ردالفساد“ آپریشن ضرب عضب کے ڈھائی سال بعد شروع کیا جا رہا ہے۔ بلاامتیاز آپریشن سے شدت پسندی، دہشت گردی کے خطرے کو ختم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا اختیار فوجی قیادت کو دے دیا گیا ہے۔ حکومت کا واضح فیصلہ ہے کہ کسی ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے۔ ہم اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ بہتر ہے کہ وہ ممالک دہشت گردوں کے خلاف خود ایکشن لیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو پاکستان اپنی سکیورٹی کے لیے مجبوراً کارروائی کرے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے حالیہ سانحات کا حوالہ دیا اور پڑوسی ملکوں سے کہا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے خوشحال مستقبل کی خاطر الزام تراشی کی سیاست بند کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر یقیناً اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ ملک کی قیادت معاشی شعبے میں ملک کو آگے لے جانے اور اسے سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کے تعاون سے آئی ٹی پارک کے قیام کے ایک منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے فائر آپٹک منصوبے کا افتتاح بھی کیا ہے جس پر نو ارب بیس کروڑ روپے لاگت آئے گی ایک چینی کمپنی جلد منصوبے پرکام شروع کرے گی۔