نادرا وفاقی حکومت کا اثر لئے بغیر آزادی سے فیصلے کرے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ

Feb 22, 2018

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائیکورٹ نے برطانیہ میں مقیم کشمیری رہنما ڈاکٹر شبیر احمد کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے حوالے سے نادرا کے خلاف دائر مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے وفاقی حکومت سے رہنمائی مانگ کر آرڈیننس 2002ء کی شق 47 کیخلاف ورزی کی ہے۔ ایک جاری شدہ شناختی کارڈ میں توسیع نہ کرنے سے کارڈ منسوخ ہوا ہے تاہم آرڈیننس کی شق 18 کے تحت اتھارٹی کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ شناختی کارڈ منسوخ یا اپنے قبضے میں لے سکتی ہے۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ اتھارٹی (نادرا) وفاقی حکومت کا اثر لئے بغیر آزادانہ طور پر فیصلہ کرے۔ عدالت نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار یا اس کے نمائندے کو سننے کے بعدنائیکوپ شناختی کارڈ میں توسیع کرے یا اس کو منسوخ کرے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر شبیر احمد چوہدری کشمیر نیشنل پارٹی سفارتی شعبہ کے سابق سربراہ ہیں۔ دوہری شہریت کے حامل اور برطانیہ کے رہائشی ہیں۔ نادرا نے ان کا شناختی کارڈ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر انہوں نے عدالت عالیہ میں رٹ دائر کی تھی جس میں نادرا اور دفتر خارجہ کو فریق بنایا گیا تھا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار کے وکیل نثار احمد شاہ ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا ہے۔

مزیدخبریں