چیئرمین نیب سے ملاقات‘ شیخ رشید نے وزیراعظم کیپٹن صفدر کیخلاف درخواستیں جمع کرا دیں

Feb 22, 2018

اسلام آباد (نامہ نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نیب میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو (نیب)کے ہیڈ کوارٹر میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کی جس میں انہوں نے قطر کے ساتھ ایل این جی کی درآمد کے معاہدے کے حوالے سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف درخواست چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو جمع کرائی۔ شیخ رشید نے سپریم کورٹ میں ایل این جی معاہدے کے حوالے سے اپنی درخواست اور اس پر عدالت کے احکامات جس میں عدالت نے شیخ رشید کو ہدایت کی تھی کہ اگر وہ چاہیں تو متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے یقین دلایا کہ وہ اس درخواست کو قانون کے مطابق دیکھیں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے چیئرمین نیب کو مزید شکایت سے بھی آگاہ کیا جو کہ کیپٹن صفدر کی طرف سے مبینہ طور پر 9ارب روپے ترقیاتی فنڈز کے نام پر بغیر پی سی ون کے کیبنٹ ڈویژن سے لئے۔ انہوں نے اپنی شکایات میں بتایا کہ محکمہ خزانہ اس کی تحقیقات کرنے سے انکاری ہے۔ قائد حزب اختلاف نے بھی 4خطوط کیبنٹ ڈویژن کو لکھے ہیں۔ انہوں نے نیب کو شکایت دی کہ اس بات کو دیکھا جائے کہ مبینہ طور پر 9ارب روپے کیسے اور کہاں پر خرچ ہوئے اور کس اتھارٹی نے یہ خطیر رقم نکلوانے کی اجازت دی۔ چیئرمین نیب نے یقین دلایا کہ اس شکایت کا قانون اور مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے شیخ رشید نے کہا کہ نیب کو ہلکی پھلکی موسیقی کرنی ہوگی پکا راگ نہیں گانا پڑےگا، آدھا کام ہم نے نیب کا کردیا اور آدھا چیف جسٹس کا حکم ہے۔ شریف خاندان جو مرضی کرلے قانون اور انصاف کا فیصلہ آئے گا، ہم آخری کیل ٹھونکیں گے اور تابوت نکلے گا۔
شیخ رشید

مزیدخبریں