حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس 35 سے کم کرکے 30 فیصد کردیا: ہارون اختر

Feb 22, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز)محاصل کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت قومی معیشت کے فروغ کی غرض سے آئندہ برسوں کیلئے سرمایہ کار اور تاجر دوست بجٹ بنانے کیلئے پرعزم ہے۔بدھ کو اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرژیاہونگ یانگ سے گفتگو کر تے ہوئے ہارون اختر نے کہا حکومت مجموعی ملکی پیداوار کی شرح بڑھانے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔مشیر کاکہناتھا حکومت معیشت کو درپیش تمام بڑے مسائل کے حل کے لئے بجٹ کی تیاری کی غرض سے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ہارون اختر نے کہا حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس کو 35 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کر دیا ہے اور برآمدات میں اضافے کے لئے بھی اقدامات کئے ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرژیاہانگ یانگ کا اس موقع پر کہناتھا کہ گزشتہ چار برس کے دوران پاکستان کی معیشت کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

مزیدخبریں