خزانہ کمیٹی کا اجلاس، ایف بی آر ، نارکو ٹیکس ، معاشی اور ڈویژنز کے معاملات کا جائزہ لیاگیا

Feb 22, 2018

اسلام آبا د(این این آئی) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میںایف بی آر ڈویژن ، نارکوٹیکس ڈویژن ، معاشی امور ڈویژن کے پی ایس ڈی پی میں منصوبہ جات اور ان کی موجودہ صورتحا ل کے علاوہ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے نیشنل بنک کی طرف سے مختلف پرائیوٹ کمپنیوں کیساتھ امتیازی سلوک کے حوالے سے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ممبرایڈمن ایف بی آرتسنیم رحمان نے کمیٹی کو بتایا کہ 2018-19کی پی ایس ڈی پی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے 6.15ارب روپے کے 49منصوبے ہیں جن میں سے 5جاری منصوبے ہیں ، 25نئے منظور شدہ منصوبے ہیں جبکہ 19منصوبے منظور کروانے ہیں ۔ کمیٹی کو 5 جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فنڈز کی بروقت عدم فراہمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں ۔ کمیٹی نے ہدایت کی منصوبہ جات کے لئے فنڈز جلد سے جلد فراہم کیے جائیں تاکہ منصوبے وقت پر مکمل ہو سکیں ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک ارب روپے کے 25 چھوٹے منصوبے ہیں جو منظور تو ہو چکے ہیں مگر فنڈز کی کمی کاسامنا ہے ۔

مزیدخبریں