کویت اور سویڈن سمیت کئی دوسرے ملکوں نے شام میں 30 روز کی عبوری جنگ بندی کے لیے رائے شماری میں حصہ لینے پر زور دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارتی ذرائع نے بتایاکہ سویڈن اور کویت کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ سلامتی کونسل کے شام میں 30 روز کی جنگ بندی کی تجویز پر رائے شماری کی جائے تاکہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے بیماروں اور زخمیوں کووہاں سے نکلوانے کے ساتھ ساتھ متاثرہ شہریوں تک ادویات اور خوراک پہنچائی جاسکے۔سویڈش ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اسٹاک ہوم اور کویت نے مشترکہ طورپر شام میں فوری جنگ بندی کی ایک قرارداد تیار کی ہے جس پر جلد از جلد رائے شماری کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائیگی ۔قرارداد میں کہا گیا کہ اس کی منظوری کے72 گھنٹوں کے اندر اندر اس پر عمل درآمد شروع کرایا جائے۔ زخمیوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر اسپتالوں میں پہنچایا جائے اور خوراک سے محروم شہریوں تک امداد اداروں کو رسائی دی جائے۔کویت اور سویڈن کی مجوزہ قرارداد میں مشرقی الغوطہ، الیرموک، الفوعا، کفریا اور دیگر تمام جنگ زدہ علاقوں میں فوری جنگ بندی اور امدادی کارروائیوں کی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنتونیو گوتریس، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر شہزادہ زید بن رعد الحسین، فرانسیسی صدر عمانویل ماکرون اور دیگر عالمی رہ نماو¿ں نے مشرقی الغوطہ میں تمام فریقین سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔