پی ایس ایل پر پوری قوم بہت خوش ہے کیونکہ یہ سارے پاکستانیوں کی کرکٹ ہے:وسیم اکرم

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ نے نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کے اظہار میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں صرف وہ ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم بہت زیادہ پرجوش ہے کیونکہ یہ سارے پاکستانیوں کی کرکٹ ہے۔وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ گذشتہ دونوں پاکستان سپر لیگ میں پاکستانی ٹیم کو دو بہت ہی باصلاحیت کرکٹرز حسن علی اور شاداب خان ملے جو انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت ہی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پی ایس ایل نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز میں ان کی سب سے اہم ذمہ داری یہ ہے کہ ہر کرکٹر پر انفرادی طور پر توجہ دے کر انہیں کسی بھی قسم کے دباو سے دور رکھیں تاکہ وہ یکسوئی سے اچھی کارکردگی دکھا سکیں۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن ملتان سلطانز کی کوشش ہوگی کہ آخری گیند تک مقابلہ کرے۔واضح رہے کہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار شامل ہونے والی ٹیم ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن