نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور تمام فیصلے کالعدم ہونے کے بعد مسلم لیگ(ن)نے سینٹ امیدواروں کو نئے ٹکٹ جاری کرکے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرادیے ہیں، (ن) لیگ کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے امیدواروںکو ٹکٹ جاری کئے۔ جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے الیکشن کمیشن کے دفتر جاکر چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور امیدواروں کے فارمز پر دستخط کیے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو ٹکٹس کا اجرا کردیا۔الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کل کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ضروری سمجھی، الیکشن کمیشن میں میرے نام سے امیدواروں کے پارٹی ٹکٹس جمع کرا دیئے ہیں، صدر یا چیئرمین پارٹی ٹکٹ جاری کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی صدارت کے لیے نام پر مشاورت ہو رہی ہے، اس حوالے سے پارٹی کی مرکزی مجلس عامہ فیصلہ کرے گی۔