لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز پر زور دیا ہے کہ وہ احترام کے دائرے میں رہ کر عدلیہ پر نکتہ چینی کریں اور قانونی حدود پار نہ کریں۔ بار نے احد چیمہ کی گرفتاری پر بیورو کریسی کے اجلاس کی شدید مذمت کی۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ وکلا برادری سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور عدلیہ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ دیا اور اس پر تنقید سے گریز کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے احد چیمہ کی گرفتاری پر بیورو کریسی کے اجلاس کو نام نہاد قرار دیا اور اس کی مذمت کی۔ ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عامر سعید راں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کرپشن کے خلاف جو قدم اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے لاہور ہائیکورٹ کے نائب صدر راشد لودھی نے واضح کیا کہ پہلے دن سے سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ساتھ ہیں سپریم کورٹ کے وقار پر کوئی بھی حملہ کیا گیا تو برداشت نہیں کریں گے لاہور ہائیکورٹ بار نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ووٹ کا تقدس بحال ہوا ہے اور سب احتساب کا ہونا چاہیے۔